نیٹو ممالک کو روسی حملے

نیٹو ممالک کو روسی حملے کیلئے تیار رہنا چاہئے ،جرمن ڈیفنس چیف

ویب ڈیسک: ڈیفنس چیف جنرل کارسٹن بریور نے کہا ہے کہ مغربی فوجی اتحاد نیٹو میں شامل ممالک کو اگلے 4سال میں روسی حملے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل کارسٹن بریور کا کہنا تھا روس ہر سال سینکڑوں ٹینک تیار کر رہا ہے جس میں سے کچھ 2029 یا اس سے پہلے نیٹو میں شامل بالٹک ممالک پر حملے کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو میں شامل ممالک ہنگری اور سلوواکیہ کی جانب سے یوکرین میں جنگ کے حوالے سے اختلاف رائے کے باوجود متحد ہیں۔
جنرل کارسٹن کا کہنا تھا نیٹو کو اس وقت شدید خطرات لاحق ہیں، ایسے خطرات جو میں نے اپنی 40 سالہ سروس میں نہیں دیکھے، روس اپنی فورسز کی طاقت کو بہت بڑے پیمانے پر بڑھا رہا ہے اور ہر سال 1500 جنگی ٹینک تیار کر رہا ہے اور روس کا ہر ٹینک یوکرین کے خلاف جنگ میں نہیں جا رہا۔
جرمن ڈیفنس چیف نے مزید کہا اسی طرح روس نے 2024 میں 152 ایم ایم کے 40 لاکھ آرٹلری میونیشن تیار کیے جو سارے یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال نہیں ہو رہے، یہ سب ذخیرہ نیٹو پر ممکنہ حملے کے لیے تیار کیا جا رہاہے۔

مزید پڑھیں:  وانا: ملک خیال محمد وزیر کو مسلح افراد نے لوٹ لیا، گاڑی،نقدی سےمحروم