کراچی میں زلزلے کے جھٹکے

کراچی میں مسلسل چوتھی بار زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

ویب ڈیسک: کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز کی شام سے اب تک مسلسل چوتھی بار زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔
رپورٹ کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ لانڈھی اور ملیر کے قریب ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے کیے گئے،زلزلے کے جھٹکے صبح تقریبا ساڑھے 10 بجے کے قریب محسوس ہوئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق لانڈھی اور ملیر میں زلزلے کے جھٹکے کی شدت 3.2 تھی، زلزلے کا مرکز قائدآباد کے قریب تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 10 بج کر 29 منٹ پر رپورٹ ہوئے۔
قبل رات گئے پہلا جھٹکا 1 بج کر 12 منٹ کے قریب محسوس کیا گیا، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں 30-1 بجے دو مزید زوردار جھٹکے آئے، اس سے قبل گزشتہ شام 5 بجے کے قریب بھی شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے خاص طور پر قائدآباد، ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل ٹان، کورنگی، مجید کالونی، شیرپا اور دیگر ملحقہ علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز کراچی کے گڈاپ ٹان کے قریب تھا۔
زلزلے کے جھٹکے اتنے زوردار تھے کہ شہری اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور اذانوں کے ساتھ اللہ اکبر، توبہ اور استغفار کے ورد میں مشغول ہو گئے۔
گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور علاقے میں آسمان میں چرند و پرندوں کا شور سنائی دیا۔
مختلف علاقوں میں مساجد سے اذانیں دی گئیں، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی ہے اور خوف کے مارے گھر جانے کو تیار نہیں ہیں۔
محکمہ موسمیات اور زلزلہ پیما مرکز نے تصدیق کی کہ زلزلہ معمولی نوعیت کا تھا، تاہم اس کے باوجود شہریوں میں تشویش اور دہشت کا سامنا رہا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان نے لاکھوں افغان بھائیوں کی میزبانی کی ، وزیراعظم