ملکی اداروں سے کرپشن خاتمے

ملکی اداروں سے کرپشن خاتمے کیلئے انتھک محنت کررہے ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی اداروں سے کرپشن کے خاتمے کے لئے انتھک محنت کررہے ہیں۔
ایف بی آر کے امور کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق کی تاریخ ساز فتح کے بعد ملکی اداروں میں پائیدار اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو ایک مستحکم عالمی معیشت بنانے کی جد و جہد میں فتح یاب ہونے کے لیے حکومت پاکستان پر عزم ہے۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جاری اقدامات و اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں۔ ملکی اداروں سے کرپشن کے انسداد اور شفافیت کی عدم موجودگی جیسی دیگر خامیوں کو دور کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے تمام ادارے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ مثبت معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں،انہوں نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی حالیہ کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے مزید کہا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے لائے گئے سسٹم جیسی اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے مزید کہا کہ انشا اللہ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی اس جد و جہد میں ہم کامیاب ہوں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی حالیہ کارکردگی اور پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں اصلاحات کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کے نفاذ سے محصولات میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے اور کسٹمز کلیئرنس کے دورانیے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

مزید پڑھیں:  فیلڈمارشل عاصم منیر اور صدرٹرمپ کی ملاقات، ایران اسرائیل جنگ پرتبادلہ خیال