ویب ڈیسک: چترال کے عوام کا علاقے کی تعمیر و ترقی کا مطالبہ ، پریس کانفرنس میں تباہ حال سڑکوں سمیت اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے پر ایف آئی آر کی بھی مذمت کی۔
چترال کے حوالے سے تحریک تحفظ حقوق چترال پاکستان کی پریس کانفرنس کے دوران پیر مختار نبی نے کہا کہ چترال کی تباہ حال سڑکوں کی تعمیر جلد شروع کی جائے، حق کی اواز بلند کرنے پر بوڑھوں اور بزرگوں پر ایف ائی ار درج کی جا رہی ہے، جو سراسر زیادتی ہے۔
چترالیوں نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سی این ڈبلیو کے ذریعے چترال میں سڑکیں تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار کو اٹھ کلومیٹر سڑک تعمیر کرنے سے قبل ہی ادائیگی کر دی گئی جو کرپشن کی زندہ مثال ہے۔ ہم وزیراعلی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ چترال کے ترقیاتی کام جلد از جلد شروع کیے جائیں اور بزرگوں کے خلاف کاٹی گئی ایف ائی ار ختم کی جائیں۔
تحریک تحفظ حقوق چترال پاکستان کے مشران کا کہنا تھا کہ احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، اس سے ہمیں کوئی منع نہیں کر سکتا، شندور کے نام پر ہونے والی لوٹ مار کا حساب عوام کے سامنے رکھا جائے، شندور میلے کے نام پر دوستوں پر لاکھوں روپے لٹائے جاتے ہیں جبکہ آنے والے سیاحوں کو باتھ روم جیسی سہولت بھی نہیں ملتی۔
پیر مختار نبی نے بتایا کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو شندور میلے پر شندور روڈ مکمل طور پر بند کر کے احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی ائی کی صوبائی حکومت پر ہوگی۔
