ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے ڈیفنس میں شہری پر تشدد کرنے والا مرکزی ملزم سلمان فاروقی گرفتار کرلیا گیا۔ وزیر داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، کسی بااثر فرد کو استثنیٰ حاصل نہیں، واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی تاکہ متاثرہ شہری کو انصاف مل سکے۔
واقعات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں ایک گاڑی میں سوار شخص کی جانب سے شہری پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہری پر تشدد کرنے والا مرکزی ملزم سلمان فاروقی ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ سمیت گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ واقعہ کے مرکزی ملزم سلمان سے تفتیش جاری ہے، ملزم کی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ اس واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ عینی شاہد محمد اسلم کی مدعیت میں گزری تھانے میں درج کیا گیا، جس میں ملزم سلمان فاروقی کو نامزد کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم کسی سرکاری ادارے کا ملازم نہیں ہے، اور پولیس نے رات گئے اس کے دفتر اور رہائش گاہ پر چھاپے بھی مارے تاکہ اسے قانون کی گرفت میں لایا جا سکے، متاثرہ فیملی سے بھی مسلسل رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔
داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے مکمل رپورٹ طلب کر لی، اور کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
