روس اور یوکرین قیدیوں اور نعشوں

روس اور یوکرین قیدیوں اور نعشوں کے تبادلے پر متفق، جنگ بندی مسترد

ویب ڈیسک: روس اور یوکرین قیدیوں اور نعشوں کے تبادلے پر متفق، 25 سال سے کم عمر کے شدید بیمار جنگی قیدیوں کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں روس اور یوکرین قیدیوں اور نعشوں کے تبادلے پر متفق ہو گئے۔
امن مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ میں فریقین نے قیدیوں کے تبادلے، نعشوں کی حوالگی اور جنگ بندی سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا۔ مذاکرات کے بعد یوکرین کے وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ روس اور یوکرین جنگ کے دوران 6 ہزار ہلاک ہونے والے فوجیوں کی نعشیں واپس کرنے پر متفق ہوگئے۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان 25 سال سے کم عمر کے شدید بیمار جنگی قیدیوں کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوگیا۔ یوکرینی وفد نے بتایا کہ مذاکرات میں ایک ماہ کے لیے غیرمشروط جنگ بندی کی تجویز پیش کی گئی، جسے روسی حکام نے مسترد کردیا، تاہم اس دوران یوکرین کی جانب سے دیرپا امن کے لیے اعلیٰ سطح پر براہِ راست بات چیت پر زور دیا گیا۔
استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے بعد روسی وفد کے سربراہ نے کہا کہ دونوں فریقوں نے امن تصفیے کی ممکنہ شرائط کے ساتھ یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے، ہم نے مختلف مقامات پر 3 روزہ جنگ بندی کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں تاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پیشرفت ممکن ہو سکے۔
روسی حکام کے مطابق ہم اس بات پر آمادہ ہیں کہ اگر یوکرینی بچوں کے والدین یا قانونی سرپرست دستیاب ہوں تو انہیں یوکرین کے حوالے کردیا جائےگا، جبکہ ہلاک فوجیوں کی نعشیں آئندہ ہفتے یوکرین کے حوالے کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:  پشاور: خیبرپختونخوا میں کفایت شعاری اور مالی نظم و ضبط کے دعوے نظرانداز