ویب ڈیسک: پشاور میں گھر گھر آپریشن تیز کر دیا گیا ہے ، اس دوران غیرقانونی تارکین وطن سمیت جرائم پیشہ عناصر بھی گرفتار کر لئے گئے۔
امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پشاور میں گھر گھر آپریشن کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے، ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران متعدد جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے ان سے بھاری مقدار میں منشیات واسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا، گزشتہ روزتھانہ پہاڑی پورہ کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔
ڈی ایس پی فقیر آباد عمرآفریدی کی قیادت میں دیگرپولیس نفری نے مختلف علاقوں فیصل کالونی ، حیدر شاہ ٹاون ، یوسف آباد ، گل آباد ، غریب آباد ، مدینہ کالونی ، حاجی کیمپ اڈہ اور دیگر علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران متعدد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں منشیات وشراب سپلائی کرنے والے، نامکمل کوائف پر غیرقانونی طور پر رہائش پذیر کرایہ داروں، اسلحہ نمائش، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر شامل ہیں۔
آپریشن میں آرآر ایف، لیڈیز پولیس اور دیگر یونٹس کے اہلکاروں نے حصہ لیااورملزمان کے قبضہ سے 300 لیٹر شراب، رائفل، کلاشنکوف، 8 پستول اورآئس بھی برآمدکرلی گئی ہے۔
