ویب ڈیسک: غزہ کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے، صیہونی بربریت میں ہر لمحے تیزی آتی جا رہی ہے، اس دوران اسرائیلی وحشیانہ گولہ باری کی بدولت مزید 45 فلسطینی شہید جبکہ 503 زخمی ہو گئے۔
غزہ پر اسرائیلی فورسز تواتر کے ساتھ بارود برسائے جا رہی ہے، ٹینکوں اور بندوقوں سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ہے۔ ان کارروائیوں کی بدولت 24 گھنٹوں میں مزید 45 فلسطینی شہید اور 503 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق شمالی غزہ میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد جام شہادت نوش کر گئے، اس کے ساتھ ہی فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 54 ہزار 470 تک جا پہنچی ہے، جبکہ 1 لاکھ 24 ہزار 693 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری طرف غزہ کی شیخ رضوان مارکیٹ میں رہائشی عمارت پر بھی اسرائیلی افواج نے بمباری کر کے اسے مکمل تباہ کر دیا، شمالی غزہ میں فلسطینیوں کیلئے قائم واحد کڈنی ڈائیلاسز سینٹر بھی کرینوں اور بلڈوزروں سے مکمل تباہ کر دیا گیا ہے۔
پناہ گزین کیمپوں کیلئے سکول اور ٹینٹ بھی اسرائیل کے نشانے پر ہیں، اس دوران متعدد فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے، ان میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔
