ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ماحول دوست اقدام اٹھاتے ہوئے کلائمیٹ ایکشن بورڈ کیب بل 2025ء کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کلائمیٹ ایکشن بورڈ مالی طور پر خودمختار ہوگا، بورڈ تمام سرکاری محکموں میں ماحولیاتی حکمتِ عملی کی نگرانی اور ہم آہنگی کے لئے کام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بورڈ ماحولیاتی پالیسیوں کی تیاری، ترمیم، نگرانی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ بھی لے گا، تحقیق اور ماحولیاتی فنڈز اکٹھا کرنے جیسے اہم امور بھی بورڈ کی ذمہ داری ہوں گے، بورڈ کے تحت ایک خصوصی کلائمیٹ ایکشن فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔
صوبائی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ کلائمیٹ ایکشن بورڈ، بلین ٹری پراجیکٹ کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کا دوسرا بڑا ماحولیاتی منصوبہ ہے، بلین ٹری پراجیکٹ کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ یاد رہے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ماحول دوست اقدام اٹھاتے ہوئے کلائمیٹ ایکشن بورڈ کیب بل 2025ء کی منظوری دے دی گئی ہے۔
