ویب ڈیسک: ملیر واقعے کے بعد پولیس قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرنے کے مشن پر گامزن ہے، ایسے میں ایک قیدی کو اُس کی والدہ نے خود جیل حکام کے حوالے کر دیا، جو اپنی نوعیت کا ایک منطرد واقعہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے قیدیوں کے فرار پر ایک غیر معمولی اور جذباتی پہلو سامنے آیا جب فرار ہونے والے ایک قیدی کو اُس کی والدہ نے خود جیل واپس لا کر حکام کے حوالے کر دیا۔
مذکورہ قیدی جب جیل سے فرار ہو کر گھر پہنچا تو اُس کی والدہ نے نہ صرف اُسے سمجھایا بلکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُسے فوراً پولیس کی نگرانی میں واپس جیل پہنچا دیا، اور جیل کے باہر قیدی کی والدہ نے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق قیدی کی والدہ پولیس اہلکاروں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر التجا کرتی رہی کہ میرے بیٹے سے غلطی ہوئی ہے اور میں خود اسے آپ کے پاس لے کر آئی ہوں، مہربانی کرنا اور اسے کچھ مت کہنا۔
واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر اس ماں کے کردار کو بھرپور سراہا جا رہا ہے، شہریوں نے تبصروں میں کہا کہ ایسی مائیں معاشرے کا وقار اور ایمانداری کی روشن مثال ہیں۔
