ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے کامران بنگش کو 27 جون تک حفاظتی ضمانت دے دی، تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کی مقدمات تفصیلات کے لئے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبزداہ اسداللہ اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
دوران سماعت عدالت نے کامران بنگش کو 27 جون تک حفاظتی ضمانت دے دی، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے کامران بنگش کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
وکیل درخواست گزار بیرسٹر سرور شاہ نے سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کامران بنگش سابق صوبائی وزیر ہیں، ان کے خلاف مقدمات تفصیلات کے لئے درخواست دائر کی ہے۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم نے رپورٹ جمع کی ہے، درخواست گزار کے خلاف اسلام آباد میں ایک مقدمہ درج ہے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ندیم شاہ نے بتایا کہ صوبہ میں درخواست گزار کے خلاف دو مقدمات ہیں، جبکہ سپیشل پراسیکیوٹر نیب ارباب کلیم نے بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف نیب کی کوئی انکوائری نہیں۔ بعدازاں عدالت نے درخواست نمٹا دی۔
