ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل سے احتجاجی تحریک لیڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کے ادارے کنٹرول کرلیے گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے 9مئی پر معافی مانگنے کا کہا جاتا ہے اور جب دبائو بڑھتا ہے تو پھر یہ میرے پاس ٹیمیں بھیجتے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر دونوں بہنوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ آج میری 2بہنوں کو جیل کے اندر جانے دیا گیا اور مجھے باہر بٹھایا گیا،ملاقات کیدوران بانی نے کہا ہے کہ ہمارے سارے دروازے بند کیے گئے ہیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ سمبڑیال میں کھل کر دھاندلی ہوئی ہے، انصاف کے ادارے کنٹرول کرلیے گئے ہیں لندن پلان کے تحت 9 مئی ہوا، 26ویں ترمیم ہوئی اور الیکشن میں دھاندلی کی گئی،10 ہزار پی ٹی آئی ورکرز کو جیلوں میں ڈالا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 8فروری کی شام کو انقلاب آیا، 9 فروری کو 17 سیٹوں والوں کو حکومت پکڑا دی گئی، قاضی فائز عیسی کے جاتے وقت 26ویں آئینی ترمیم کا منصوبہ بنا،چیف الیکشن کمشنر غیر آئینی طریقے سے ابھی تک بیٹھا ہوا ہے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے وہ جیل سے احتجاجی تحریک کو لیڈ کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ حقیقی جمہوریت کے لیے ظلم کے نظام کے خلاف کھڑا ہونا پڑے گا اب سب کو نکلنا پڑے گا۔
عمران خان نے کہا کہ یہ صرف کہتے ہیں 9مئی پر معافی مانگیں، جب دبائو بڑھتا ہے تو یہ میرے پاس ٹیمیں بھیجتے ہیں، میں نے کہا کہ 9مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی کو بلاواسطہ کہا جارہا ہے کہ آپ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی بات نہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ تنویر احمد ہمارے ڈونر ہیں، پرانا جانتے ہیں۔ جس وقت تنویر احمد کی ملاقات کرائی گئی، میں اور میری بہنیں جیل میں تھیں، تنویر احمد کے رابطے اسٹیبلشمنٹ سے تھے ، انہوں نے ہی ملاقات کرائی، تنویر احمد کے ذریعے بانی کو بتایا گیا تھا کہ 9 مئی پر معافی مانگیں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے عظمی خان نے کہا کہ تنویر احمد ایک دفعہ ملے ہیں، دوسری دفعہ بھی آئے لیکن بانی نے منع کیا تھا۔ تنویر احمد دوسری دفعہ ریکویسٹ کرکے ملے تھے لیکن بانی نہیں ملنا چاہتے تھے۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے میں بطور پیٹرن ان چیف لیڈ کروںگا۔
