ویب ڈیسک: وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر کاربن لیوی عائد کئے جانے کا امکان ہے جس سے قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ میں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر ڈھائی روپے فی لیٹر کاربن لیوی عائد کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے سال کاربن لیوی بڑھا کر 5 روپے فی لیٹر عائد کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 26-2025 میں کاربن لیوی سے 45 ارب روپے تک حاصل ہو سکیں گے جب کہ مالی سال 2027 کے دوران کاربن لیوی کی آمدن دگنی ہو جائے گی۔
کاربن لیوی عائد ہونے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر کاربن لیوی پی ڈی لیوی کے ساتھ ہی عائد کی جائے گی۔ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر کاربن لیوی عائد نہیں ہو گی۔
