ویب ڈیسک:وزیراعظم میاں شہباز شریف نے این ایف سی ایوارڈ میں خیبر پختونخوا کے حصے پر کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے ۔
پشاور میں جرگہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام دلیر اورغیورہیں، خیبرپختونخوا پاکستان کا خوبصورت ترین صوبہ ہے،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے این ایف سی ایوارڈ کو ریویو کرنے کی بات کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے1947کے ریفرنڈم میں پاکستان کا بھرپورساتھ دیا، قیام پاکستان میں بھرپورساتھ دے کرثابت کیا آپ پاکستان کے بڑے حامی ہیں۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کی عظیم قربانیاں تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکتی، این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے پر کمیٹی تشکیل دوں گا، مختلف ادوارمیں خیبرپختونخوا کوتقریباً700ارب سے زائد فنڈز دیئے گئے۔
شہبازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے ہمیشہ قومی پرچم کو بلند کیا،اے پی ایس سانحہ کے بعد دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کیا گیا،خیبرپختونخوا کے لوگوں کے ملک کی خاطر تمام اختلافات بھلا دیے ہیں، قبائلی جرگے میں عمائدین کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2010میں این ایف سی ایوارڈ کا پہلا ایجنڈا آئٹم خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کا تھا، دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے خیبرپختونخوا کو دیئے گئے ایک فیصد پرتمام صوبوں نے مکمل اتفاق کیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کی قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کا ہراول دستے کا کردارتسلیم کرتی ہے، خیبرپختونخوا پولیس کوجدید تقاضوں سے لیس کرکے نئی فورس کھڑی کرنی ہے، خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فنڈز ملتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمارے نہتے شہریوں پرحملہ کیا،پاکستان کی جوابی کارروائی بھارت ہمیشہ یاد رکھے گا،بھارت کوشکست فاش ہوئی، مودی زخم چاٹ رہا ہے، بھارت پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے،بھارت نے مزید کوئی حرکت کی تواسے سبق سکھائیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو جو سبق سکھایا وہ زندگی بھرنہیں بھولے گا، جب بھی وطن نے پکارا ہمارا سجیلا جوان اپنے بچوں کو چھوڑ کر سرحد پرپہنچا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف جیت پردوست ممالک بھی خوش ہیں، ہندوستان کیساتھ پاکستان کی جنگ میں عوام کی دعائیں شامل تھیں، قوم نے افواج پاکستان اورملکی سلامتی کے لیے دعائیں کیں، دشمن نے گھات لگا کر پاکستان پر حملہ کیا، رات ڈھائی بجے فیلڈ مارشل نے مجھے بتایا بھارت نے حملہ کردیا، اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس میں کامیابی عطا کی۔
