غزہ میں سڑک کنارے بم دھماکہ

غزہ میں سڑک کنارے بم دھماکہ ،3اسرائیلی فوجی ہلاک

ویب ڈیسک: شمالی غزہ کے جبلیہ علاقے میں سڑک کنارے نصب بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 2زخمی ہو گئے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب اسرائیلی فوجیوں کی ایک گاڑی غزہ میں داخل ہونے کے لیے وہاں سے گزر رہی تھی،اسرائیلی فوج کے اہلکار غزہ میں ایک جلتی ہوئی بکتر گاڑی کو بجھانے کے لیے جانے والے فائر انجن کو تحفظ فراہم کرنے گئے تھے لیکن واپسی پر خود نشانہ بن گئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دھماکا بارودی سرنگ تھا اور اسی راستے پر تقریبا 20 مزید بم برآمد کیے جو پھٹنے سے رہ گئے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ عسکریت پسندوں نے اسرائیلی فوج کے قافلے کے راستے کا کیسے پتا لگایا اور بم کب نصب کیے۔
سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت اسٹاف سارجنٹ 20 سالہ لیور اسٹین برگ، اسٹاف سارجنٹ 20 سالہ اوفک برہانہ اور اسٹاف سارجنٹ 22 سالہ عمر وان گیلڈر کے ناموں سے ہوئی۔
خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد غزہ میں اسرائیلی فوج کا یہ سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کے اقدامات خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہےہیں،اوآئی سی