مناسک حج کا آج سے آغاز

مناسک حج کا آج سے آغاز، لاکھوں عازمین حج منیٰ روانہ

ویب ڈیسک: لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کی صدائیں بلند، مناسک حج کا آج سے آغاز ، حجاج منیٰ روانہ ہونگے اور عبادات میں مصروف ہوں گے. تفصیلات کے مطابق لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کی صدائوں کے ساتھ مناسکِ حج 1446ھ کا باقاعدہ آغاز آج 8 ذوالحجہ کو ہو رہا ہے۔ لاکھوں عازمینِ حج ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں عازمینِ حج منیٰ میں قائم دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی کی جانب روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ آج کا دن عبادات، دعا اور استغفار میں گزاریں گے۔
دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج جمعرات کی صبح تک منیٰ میں ہی قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے، عازمین حج آج رہائش گاہ سے احرام باندھنے کے بعد 2 رکعت نفل ادا کر کے منیٰ روانہ ہوں گے۔
عازمین حج آج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نماز ادا کریں گے، عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم وقوف کے لئے میدان عرفات روانہ ہوں گے، جہاں امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے اور نمازِ ظہر و عصر یعنی ظہرین کی امامت کریں گے۔ پھر حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔
اذان مغرب کے بعد نماز پڑھے بغیر حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشاء (مغربین) کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کریں گے اور پھر حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور 10 ذوالحجہ کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے روانہ ہوں گے، جہاں حجاج بڑے شیطان کو 7 کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے، اور پھر حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے۔
11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماریں گے، رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے، 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی، اور13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منیٰ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے۔
اس سال مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد عازمینِ حج کی شرکت متوقع ہے، جن میں لاکھوں مقامی اور غیر ملکی افراد شامل ہیں۔ مقامات مقدسہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کی صحت و سلامتی یقینی بنانے کے لیے فیلڈ ہسپتال، ڈسپنسریاں اور عارضی کلینکس، جبکہ سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے 8 ایئر ایمبولینس بھی فراہم کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ مناسک حج کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، اور اس دوران سعودی حکومت کی جانب سے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، اس دوران سعودی حکومت نے غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کے خلاف سخت اور غیر معمولی اقدامات کیے ہیں، اب تک 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: خیبرپختونخوا میں فائرنگ واقعات، پولیس اہلکاروں سمیت 7افراد جاں بحق، 8 زخمی