ویب ڈیسک: رواں سال آئی ٹی برآمدات میں 21فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ ہی 3 ارب 14 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 21فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 3 ارب 14کروڑ ڈالر سے متجاوز ہیں۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو پیش کردہ تحریری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 19 فیصد جب کہ آئی ٹی برآمدات میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی سے اپریل تک آئی ٹی برآمدات 3 ارب 14 کروڑ ڈالر سے زائد رہیں۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق اس دوران پاکستان میں آئی ٹی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 19 فیصد اضافہ ہوا، سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
ترجمان وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات تمام خدمات میں سب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل خدمات کے شعبے میں ابھرتا ہوا مرکز بنا رہے ہیں۔
