ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں 20ارب روپے کمی کردی، سرکاری جامعات کیلئے آئندہ مالی سال کے اخراجات پورے کرنے کا بڑا چیلنج۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اعلی تعلیم کیلئے آئندہ مالی سال میں بڑا کٹ لگاتے ہوئے 20ارب روپے کی کمی کردی ہے، جس کے بعد سرکاری جامعات کیلئے آئندہ مالی سال کے اخراجات پورے کرنے کا بڑا چیلنج سامنے آگیا ہے، صوبائی سطح پر زیادہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے وفاقی کٹ کا سب سے بڑا نقصان خیبر پختونخوا کی جامعات کو اٹھانا پڑے گا۔
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے ہائیرایجوکیشن کمیشن کے بجٹ پر بڑا کٹ لگا دیا ہے، وفاقی حکومت نے امسال کے بجٹ میں جامعات کیلئے 83ارب روپے رکھے ہیں، جو ملک بھر کی جامعات کو جاری کئے گئے ہیں، ان میں سب سے زیادہ رقم خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی جامعات کو فراہم کی گئی ہے، کیونکہ ان دونوں صوبوں میں صوبائی ہائیرایجوکیشن کمیشن نہیں ہے۔
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ میں اب 63ارب روپے ہائیرایجوکیشن کمیشن کیلئے رکھنے کی سفارش کردی ہے، جو رواں مالی سال کی نسبت 20ارب روپے کم ہے، جامعات کے فنڈز میں اخراجات بڑھنے کے باوجود گزشتہ 7سالوں میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا ہے، جبکہ کٹوتی کی وجہ سے اب جامعات کیلئے اپنے جاری اخراجات پورے کرنے میں مشکلات پیدا ہونگی۔
صوبائی حکومت ذرائع کے مطابق جامعات کے فنڈز کے اضافہ کیلئے وفا ق سے بات جاری ہے اگر وفاق سے فنڈز فراہم نہ کئے گئے تو جامعات کیلئے صوبائی بجٹ میں زیادہ رقم رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔
