ویب ڈیسک: نااہلی و بدعنوانی الزامات پر 10ہیلتھ افسران برطرف کر کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے 1ارب 70کروڑ وصولی کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کارکردگی اور نظم و ضبط کے قواعد 2011ء کے تحت محکمہ صحت کے 10افسروں کو نااہلی، بدانتظامی اور بدعنوانی کے الزامات میں برطرفی اور ہر ایک سے17کروڑ روپے کی وصولی کا شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔
نو ٹس کے مطابق ان افسروں کیخلاف کی گئی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، جس کے بعد انہیں موقع دیا گیا تھا کہ وہ اپنا موقف پیش کریں تاہم تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات اور دستاویزات کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ نے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، سابق ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ، لاجسٹک آفیسر، ڈرگ انسپکٹر، اکائونٹنٹ، کمپیوٹر آپر یٹرز اور فارمیسی ٹیک نیشن کو الزامات ثابت ہونے پر بڑی سزا کے طور پر ملازمت سے برطرفی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نااہلی و بدعنوانی الزامات پر 10ہیلتھ افسران برطرف کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں سے ہر ایک سے 17،17کروڑ روپے سے زائد رقم بھی وصول کرنے کی سزا دی گئی ہے، جبکہ مذکورہ تمام اہلکاروں کو 10 سے 14 دن کے اندر جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کیساتھ ساتھ یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ اگر کوئی جواب موصول نہ ہوا تو اسے ان کیخلاف ثبوت کے طور پر لیا جائے گا، اور یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔
