فنڈز کی منتقلی میں تاخیر ضم

فنڈز کی منتقلی میں تاخیر ضم اضلاع کی ترقی میں رکاوٹ ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ضم اضلاع اب خیبرپختونخوا کا باقاعدہ حصہ ہیں، اس لئے فنڈز کی منتقلی ناگزیر ہے، جبکہ فنڈز کی منتقلی میں تاخیر ضم اضلاع کی ترقی میں رکاوٹ ہے، اس لئے ایسی کوئی رکاوٹ حائل ہونا زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور جرگے میں صوبے کے حقوق کا مقدمہ کامیابی سے لڑا، اور وفاقی قیادت کو ایک بار پھر ضم اضلاع کے فنڈز کی منتقلی اور نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے حوالے سے آگاہ کیا، امید ہے اب وفاقی حکومت ضم اضلاع کے فنڈز جلد صوبے کو منتقل کرے گی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ فنڈز کی منتقلی میں تاخیر ضم اضلاع کی ترقی میں رکاوٹ ہے، ضم اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ وفاق اور صوبے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لئے اس سلسلے میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے، ضم اضلاع کی ترقی دہشت گردی کے خاتمے کی ضمانت ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف خیبرپختونخوا کا نہیں، پورے ملک کا مسئلہ ہے، نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بقایاجات بھی فوری ادا کئے جائیں، ایک صوبے کو ترقی سے محروم رکھنا وفاق کے لئے نقصان دہ ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: جعلی ڈرائیور لائسنس بنانے کا معاملہ : محکمہ ٹرانسپورٹ کے کمپیوٹر آپریٹر گرفتار