ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے دلخراش واقعات کے حوالے سے سالانہ رپورٹ جاری کر دی گئی، جس کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشتگردی واقعات میں 54پولیس و 95 عام شہری شہید ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال دہشت گردی کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 745 افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں، جن میں صوبہ بھر کے 15 اضلاع میں 54 پولیس اہلکار شہید اور 75 زخمی ہوئے، جبکہ 95 عام شہری شہید اور 256 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان واقعات میں ضلع بنوں میں سب سے زیادہ 167، شمالی وزیرستان میں 136 افراد شہید و زخمی ہوئَے، کوہاٹ میں7، پشاور میں 5، جنوبی وزیرستان میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے ان واقعات میں ضلع خیبر میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے علاوہ ایک اہلکار زخمی بھی ہوا ہے، ، دوسری طرف صوبے میں فرنٹئیر کنسٹیبلری کے 41 اہلکار شہید اور 63 زخمی ہوئے، ان میں کرم میں 12، شمالی وزیرستان میں 9 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ان واقعات میں 9 خاصہ دار شہید جبکہ 18 زخمی ہوئے، بنوں میں 19،جنوبی وزیرستان 13، شمالی وزیرستان 11 شہری شہید ہوئے۔
