ویب ڈیسک: پیٹرن انچیف پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کیس کازلسٹ سے خارج، کیس کی کاز لسٹ میں شمولیت غلطی سے ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان سے ملاقاتیں نہ کروانے پر توہین عدالت کیس غلطی سے مقرر ہوا، جس کی وجہ سے اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج کی کاز لسٹ سے کیس خارج کر دیا۔
ہائی کورٹ ذرائع کے مطابق کیس غلطی سے مقرر ہوگیا تھا اور رجسٹرار آفس نے آج سماعت کے لیے کاز لسٹ جاری کی تھی، یاد رہے کہ پیٹرن انچیف عمران خان کے فوکل پرسن نیاز اللہ نیازی نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
درخواست پر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں لارجر بینچ نے سماعت کرنا تھی، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس محمد آصف بھی اس بینچ کا حصہ ہیں۔
