ویب ڈیسک: بانی چیئرمین اور پیٹرن انچیف پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ احتجاج کی کال دیتے ہی عمران خان کی رہائی کی خبریں چل پڑیں، اور کہا جا رہا ہے کہ بانی چیئرمین کو 5 جون کو رہا کر دیا جائیگا.
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ میں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بات چیت ہمیشہ کچھ لوکچھ دو پر ہوتی ہے، ٹیبل پر بیٹھنے کے لیے لوگ لچک دکھانے کا کہہ رہے ہیں، مذاکرات کرنے والے کیا چاہتے ہیں کہ بانی سب ترک کردیں؟۔
انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کہا جا رہا ہے کہ حکومت کو قبول کریں اور 9 مئی پر معافی مانگیں، اس دوران جب سے احتجاج کی کال دی ہے ہرطرف خبریں چل پڑی ہیں کہ بانی 5 جون کو رہا ہو رہے ہیں، جب بھی کال آتی ہے عمران خان کی رہائی کی باتیں بھی ساتھ شروع ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عمر ایوب تحریک کی ساری ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ سلمان اکرم راجا پارٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کرائیں گے، کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں القادر ٹرسٹ کیس کی اہم تاریخ ہے، اگر کل یہ کیس نہیں سنا گیا، تو یہ ستمبر تک چلاجائےگا، لوگ پلاننگ کرتے ہیں جبکہ اللہ کے پلان کے آگے انسانوں کا کوئی پلان نہیں چلتا۔
