وفاقی ترقیاتی بجٹ منظور

قومی اقتصادی کونسل نے 1ہزار ارب روپےکا وفاقی ترقیاتی بجٹ منظورکرلیا

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں 1ہزار ارب روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ منظور کرلیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شرکت کی ۔
ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف کی منظوری دے دی، کونسل نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پلان کی بھی منظوری دے دی۔
رپورٹ کے مطابق قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کیلئے 4.2 فیصد جی ڈی پی گروتھ کی منظوری دی جبکہ بلوچستان میں این 25 کیلئے بجٹ میں کٹوتی کر دی گئی۔
این 25 کیلئے 120 ارب کی بجائے 100 ارب روپے کا پیکج منظور ہوا، جب کہ برآمدات کا ہدف 35 ارب ڈالر مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی
اجلاس میں قومی ترقیاتی پلان، پی ایس ڈی پی، میکرو اکنامک اہداف کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نئے مالی سال کی معاشی شرح نمو، زراعت، صنعت، سروسز سیکٹر کے اہداف کی منظوری سے متعلق مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آج کے اجلاس میں بجٹ کے حوالے سے غور کیا گیا، ہر صوبے نے اور وفاق نے اپنے مفادات کے مطابق بجٹ بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو اپنے حقوق مل رہے ہیں، ہمارے حقوق ملنے کے بعد وفاق اور صوبے دونوں کو فایدہ ہو گا، اگست میں این ایف سی ایوارڈ کے لئے اجلاس بلانے کا فیصلہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:  مریم نواز خود اور اپنے پاپا کو زبردستی قوم کا ہیرو بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں