ویب ڈیسک: پاکستان نے سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی سے متعلق قرار داد ویٹو ہونے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقدام سے بہت ہی خطرناک پیغام جائے گا ۔
سلامتی کونسل اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، اسرائیل فلسطینیوں کو ان کی ہی زمین سے بے دخل کرنے کے درپے ہے، پاکستان فلسطینی عوام کی بھر پور حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ زمین پر غزہ کا حال جہنم سے زیادہ برا ہے، غزہ میں 54ہزارسے زائد فلسطینی شہید ہوچکے، یہ انسانی ایشو نہیں انسانیت کی تباہی ہے، غزہ کے حالات بدسے بدتر ہو رہے ہیں۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، اسرائیل فلسطینیوں کو ان کی ہی زمین سے بے دخل کرنے کے درپے ہے، پاکستان فلسطینی عوام کی بھر پور حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں خوراک کی فراہمی کیلئے پاکستان ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا، سکیورٹی کونسل کی جانب سے جنگ بندی میں ناکامی تاریخ میں یاد رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں مستقل جنگ بندی اور امداد کی بلارکاوٹ فراہمی کی قرارداد ویٹو کر دی ہے۔
