ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم کی مقدمات کی تفصیلات کے لئے دائر درخواست نمٹا دی ۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ارشد علی اور جسٹس وقار احمد نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم کی جانب نے دائر درخواست پر سماعت کی ۔
سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار بشیر وزیر نے موقف اپنایا کہ ہمیں اسلام آباد کی حد تک مقدمات کی تفصیل چاہئے ،پنجاب میں جو مقدمات ہیں اس کی حد تک ہم لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے ۔
اس موقع پر جسٹس ارشد علی نے ہدایت دی کہ اسلام آباد کی مقدمات کے لئے آپ اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔
سماعت کے دوران جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے تو حفاظتی ضمانت دی ہے، کہ آپ کو گرفتار نہیں کیا جائے گا، آپ وہاں پر ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔
سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ درخواست گزار کو عدالت نے 28 دن کی حفاظتی ضمانت دی ہے۔
عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ مقدمات کی تفصیلات کے لئے آپ اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کریں ۔
