ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد میں شمولیت اختیار نہ کرنے پر مولانا فضل الرحمان کی مقبولیت میں کمی آئی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مولانا کی گرینڈ الائنس میں شمولیت کی باتیں چل رہی تھیں تو ان کی مقبولیت بڑھ گئی تھی، گرینڈ الائنس میں شمولیت اختیار نہ کرنے پر مولانا کی مقبولیت میں کمی آئی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا نے اگر فیصلہ کیا ہے کہ مزاحمت کی سیاست نہیں کریں گے تو یہ ان کا سیاسی فیصلہ ہے، مولانا اگر خود کو محدود رکھنا چاہتے ہیں تو ان کی مرضی ہے۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے ہم نے تو یہ نہیں کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کیلئے کام کریں، ہم نے تو آئین و قانون کی بالادستی کیلئے مولانا سے تعاون کرنے کا کہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قانونی حقوق نہیں مل رہے، ہماری اپیلیں نہیں مانی جا رہیں، ملک انصاف پر چلتا ہے، اگر ملک میں انصاف ہی نہ ہو تو ملک نہیں چل سکتا، ملک میں اس وقت کچھ بھی درست سمت میں نہیں جا رہا۔
