پانی روکنے کی بھارتی بڑھکیں

پانی روکنے کی بھارتی بڑھکیں بے معنی ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی روکنے سے متعلق بھارتی بڑھکیں بالکل بے معنی ہیں۔
آبی ذخائر سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے جنگ میں شکست کے بعد پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیا، بھارت سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے دھمکی دے رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جنگ میں کامیابی سے نوازا ہے، پانی روکنے کی بھارت کی دھمکی کے خلاف اقدمات کرنا چیلنج ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں معاشی میدان میں بھی اب کامیاب ہو نا ہے، وفاق نے صوبوں کے ساتھ مل کر عوام کیلئے خوبصورت مستقبل تعمیر کرنا ہے باتوں اور تقریروں سے کچھ نہیں ہو گا خون پسینہ گرانا ہو گا۔
دنیا نے پانی بند کرنے کی بھارتی دھمکی کو مسترد کیا ہے،یہ ہم پر ہے کہ پانی کے حوالے سے ہم کیا اقدامات کرتے ہیں، آنے والے نسلوں کیلئے پانی کو محفوظ کرنا ہمارے لیے چیلنج ہے، ایسے اقدامات کریں گے جس سے نسلیں ہم سب پر فخر کریں۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے مطابق سندھ، جہلم اور چناب ہمارے ہیں، ہمیں پانی کو محفوظ کرنے کی کپیسٹی بڑھانا ہو گی، اس حوالے سے کہیں کوئی اختلاف نہیں ، اگر ہم پانی کی اسٹوریج نہیں کریں گے تو نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بھارتی آبی جارحیت کیخلاف اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی بھر پور کوشش کریں گے، معاہدے کے تحت بھارت یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتا، پانی روکنے کی بھارتی بڑھکیں بے معنی ہیں۔

مزید پڑھیں:  کینیڈا نے آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ 2026کیلئے کوالیفائی کر لیا