عیدالاضحی سادگی سے منانے کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی کا ملکی حالات کے پیش نظر عیدالاضحی سادگی سے منانے کا اعلان

ویب ڈیسک: عوامی نیشنل پارٹی نے ملک کے موجودہ سنگین حالات کے پیش نظر عیدالاضحی سادگی سے منانے کا اعلان کیا ہے ۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین سے مشاورت کے بعد اعلان کیا ہے کہ اے این پی امسال بھی عیدالاضحی سادگی سے منائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ ملک میں جاری امن و امان کے مخدوش صورتحال، معاشی بدحالی، مہنگائی اور عوامی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاکہ عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔
بیان میں مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنان پر زور دیا ہے کہ وہ عید کے موقع پر اپنے علاقوں میں مستحقین، غربا، مساکین اور نادار طبقے کا خصوصی خیال رکھیں، تاکہ وہ بھی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی خوشی تبھی ممکن ہے جب ہم دوسروں کی ضرورتوں کا احساس کریں اور ان کی مدد کو اپنا فرض سمجھیں۔
ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات روایتی اور بڑے اجتماعات کے متحمل نہیں، اس لیے عوامی نیشنل پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر بڑے اجتماعات سے گریز کیا جائے۔
اسی تناظر میں ولی باغ چارسدہ میں بھی عید کے موقع پر نہ کوئی روایتی اجتماع ہوگا اور نہ ہی عید ملن تقریب منعقد کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  کوئٹہ کے قریب 2 اعشاریہ 8 شدت کا زلزلہ، عوام میں خوف وہراس