ویب ڈیسک: اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے اہم کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹریننگ سکول کوہاٹ میں فیول فنڈز میں غبن پر ایس پی سمیت 2اہلکاروں پر مقدمہ درج کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی جانب سے اہم کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی سی کوہاٹ کے فیول فنڈز میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے، جبکہ اس دوران کارروائی کرتے ہوئے ایس پی سمیت دو پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
اینٹی کرپشن کی جانب سے کی جانے والی اس انکوائری کے دوران انکشاف کیا گیا کہ پی ٹی سی کوہاٹ میں جعلی دستاویزات اور بوگس فیول بلز کے ذریعے سرکاری خزانے کو ایک کروڑ 65 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا، جبکہ مبینہ کرپشن پر سکول ڈائریکٹر ایس پی محمد ابراہیم اظہر پراچہ اور سب انسپکٹر ظہور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مبینہ طور پر دونوں افسران نے ملی بھگت سے سرکاری فنڈز کا ناجائز استعمال کیا، اور اس سلسلے میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
