پڑھائی ادھوری چھوڑ دینے والی 30 سالہ خاتون نے دنیا کی کم عمر ترین ’سیلف میڈ‘ ارب پتی بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل یہ اعزاز گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے پاس تھا جو اب دنیا کی کم عمر ترین ’سیلف میڈ‘ ارب پتی خاتون کا اعزاز کھو چکی ہیں۔ فوربز کے مطابق، یہ اعزاز اب 30 سالہ لوسی گو کو حاصل ہو گیا ہے، جنہوں نے اے آئی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری سے اربوں کما کر تاریخ رقم کی ہے۔
لوسی گو نجی وجوہات کی بنا پر کارنیگی میلن یونیورسٹی سے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ دی تھی، تاہم 2016 میں صرف 21 سال کی عمر میں اس نے الیگزینڈر وانگ کے ساتھ مل کر "اسکیل اے آئی” کمپنی کی بنیاد رکھی، جو اب 25 ارب ڈالر کی کمپنی بن چکی ہے۔
گو کے پاس کمپنی کے 5 فیصد شیئرز ہیں، جن کی مالیت تقریباً 1.2 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔ وہ اب "پاسز” نامی پلیٹ فارم کی سربراہی کر رہی ہیں، جو مواد بنانے والوں کو 90 فیصد آمدنی رکھنے کی اجازت دیتا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ اب بھی دنیا کی سب سے دولت مند موسیقار ہیں تاہم وہ ’سیلف میڈ‘ ارب پتی خواتین کی لسٹ میں دوسرے نمبر پر ہیں جن کی کل مالیت 1.6 ارب ڈالر ہے۔
