ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے 24کروڑ عوام کے حق پر حملہ کر رہا ہے، اس سے خطے کے امن کو شدید خطرہ ہے، جبکہ دوسری طرف دیکھا جائے تو بھارتی حکومت آنیوالی نسلوں کو پانی پر جنگوں پر مجبور کر رہی ہے، اگلی بار جنگ ہوئی تو ٹرمپ کے پاس رکوانے کا وقت نہیں ہوگا۔
مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ میں پاکستانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے برخلاف پانی روک کر بھارت پاکستان کے 24کروڑ عوام کے حق پر حملہ کر رہا ہے، انہوں نے یاد دلایا کہ جنگ سے قبل بھارت کا موقف تھا کہ مقبوضہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے، جسے امریکی صدر نے عالمی تنازع قرار دیدیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کے 5 دن کی جنگ کے بعد اب بھارتی بھی کہتے ہیں کہ کشمیر دوطرفہ تنازع ہے، ان کا اندرونی نہیں۔ بھارت کو پاکستان سے ہزاروں مسائل ہوں گے لیکن مذاکرات سے انکار سے مسائل مزید بڑھیں گے، اگر بھارت بات ہی نہیں کرے گا تو مسئلے کیسے حل ہوں گے؟۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلگام واقعہ میں پاکستان کا بالکل کوئی کردار نہیں، پاکستان نے بھارت کو غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، تاہم بھارت نے انکار کیا، پاکستان اور بھارت میں اگلی بار جنگ ہوئی تو ٹرمپ کے پاس رکوانے کا وقت نہیں ہوگا، بھارت پاکستان میں کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو سپورٹ کر رہا ہے۔
