ویب ڈیسک: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ہمایون خان کی عباس آفریدی کے انتقال پر تعزیت ، اس موقع پر انہوں نے شہید کی درجات کی بلندی کیلئَے دعا بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی ہمایون خان نے گیس دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے عباس آفریدی کے والد اور ان کے بھائی سے تعزیت کی۔
انہوں ںے اس موقع پر کہا کہ مرحوم عباس آفریدی اصول پسند منجھے ہوئے سیاستدان تھے، اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، جبکہ اللہ تعالیٰ سنیٹر شمیم آفریدی، امجد آفریدی اور ان کے دیگر خاندان والوں کو بھی صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں امجد آفریدی کے خاندان کے ساتھ برابر شریک ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وفاقی وزیر عباس آفریدی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے مرحوم کے والد سینیٹر شمیم آفریدی، مرحوم کے بھائی پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی اور دیگر لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سب انکے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید عباس آفریدی کے درجات بلند کرے اور انکے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر عباس آفریدی گزشتہ روز اپنے حجرہ میں ایک دھماکہ میں ساتھیوں سمیت شدید زخمی ہوگئے تھے ، انکی رہائش گاہ پر ہونے والے دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلی حکام سے دھماکہ کی نوعیت کے حوالہ سے تحقیقات کی ہدایات بھی جاری کیں تھیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ ہدایات بھی جاری کی تھیں کہ اس حوالہ سے شفاف انکوائری کی جائے اور اس میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
