ویب ڈیسک: ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کے مرکزی کردار انگین التان دوزیتان نے اپنے پاکستان کے دورہ کے حوالے سے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بتایا کہ پاکستانی لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں، انہوں نے مجھے دورہ پاکستان پر بہت پیار دیا اور ہر جگہ میرے اردگرد جمع ہو جاتے۔
ترک اداکار کو پاکستان میں بہت پسند کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ اپنے مداحوں کی محبت کی خاطر 2020 میں کورونا وبا کے دوران انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا، اس حوالے سے انہوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے دورہ پاکستان کو دلچسپ قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ میرا پاکستان کا دورہ واقعی حیرت انگیز تھا، پاکستانی لوگ ارطغرل سیریز کو بے حد پسند کرتے ہیں، اور اسی وجہ سے مجھے بھی وہاں بے حد پیار ملا، جب میں ایک بار کوویڈ کے دوران کراچی گیا، تو دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی اس وائرس پر یقین نہیں کر رہا تھا، اور اس سے بھی حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وہاں کوویڈ سے اس وقت کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کہتے رہے کہ یہ جھوٹ ہے اور اس سے کوئی نہیں مرتا، یہ بس معمولی سا زکام اور کھانسی ہے، جو وقت کے ساتھ ٹھیک ہو جاتا ہے، اپنے دورہ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جب میں پاکستان پہنچا تو ابھی اپنے کمرے میں اپنا سامان کھول ہی رہا تھا کہ اچانک 20کے قریب لوگ میرے کمرے میں گھس آئے، اور تصویر کی فرمائش کر دی۔
اس کے بعد انہوں نے ایک مسجد کا واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ایک مسجد میں میں گیا اور وہاں امام مسجد سے ملاقات کر ہی رہا تھا کہ اچانک مسجد لوگوں سے بھر گئی، تقریباً 4ہزار کے قریب لوگ مسجد میں امڈ آئے، پھر نیشنل سیکورٹی گارڈز کو مجھے وہاں سے نکالنا پڑا۔
میں حیران تھا لیکن سچ پوچھیں تو یہ ایک حیرت انگیز تجربہ تھام پاکستان کے لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں، ان کا دیا ہوا پیار آج بھی مجھے یاد ہے۔
