ویب ڈیسک: سعودی وزارت شماریات کی جانب سے حج کے بعد رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق اس سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 عازمین نے فریضۂ حج ادا کیا، جن میں 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج کرام 171 مختلف ممالک سے آئے، جب کہ 1 لاکھ 66 ہزار 654 افراد کا تعلق سعودی عرب سے تھا۔
رپورٹ کے مطابق حجاج کرام میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد اور 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین شامل تھیں، جسے تاریخ کا ایک متوازن تناسب قرار دیا جا رہا ہے۔ رکنِ اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی جمعرات کے روز مکمل ہوئی، جس کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوئے، جہاں مغربین ادا کی گئیں۔
خطبہ حج میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ اے اللہ! فلسطینیوں کو امن عطا فرما اور دشمنوں پر انہیں غالب کر دے۔ فجر کے بعد حجاج منٰی روانہ ہوئے، جہاں رمیٔ جمرات، قربانی اور احرام کھولنے کے مناسک ادا کیے گئے۔
