کرپشن کے تمام ریکارڈ

خیبر پختونخوا حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے،گورنر فیصل کنڈی

ویب ڈیسک: فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں علی بابا چالیس چور کی حکومت ہے، خیبر پختونخوا حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔
مردان میں پولیس کی فائرنگ سے زخمی پی پی رہنما اسد کشمیری کے بھتیجے کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وفاق سے 700ارب ملنے کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت قیام امن میں ناکام ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا گورنر سے اختیارات لینا میرے لئے کوئی معنی نہیں رکھتا، اختیارات ہو نہ ہو، صوبائی حکومت کیلئے میرا نام ہی کافی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں علی بابا چالیس چور کی حکومت ہے، پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، بلین سونامی ٹری میں ریکارڈ کرپشن کے بعد پی ٹی آئی حکومت نے مساجد کو بھی نہیں بخشا، پی ٹی آئی رہنما خود احتجاج کرنے کو اپنا حق سمجھتے ہیں جبکہ دوسرے جماعتوں کے اہلکاروں پر لاٹھیاں برساتے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن پر امن لوگ ہیں ، پی ٹی آئی کی طرح 9 مئی کے واقعات والے نہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاق سے 700 ارب روپے ملے لیکن امن و امان قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے بے گناہ بچے پر فائرنگ کی گئی، رپورٹ آئی جی کے پی سے طلب کرلی ہے، عید کے بعد آئی جی رپورٹ پیش کریں گے۔

مزید پڑھیں:  اصل آپریشن ابھی باقی ہے،ایرانی آرمی چیف نے اسرائیل کو خبردارکردیا