اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے

عیدالاضحی: خیبر پختونخوا حکومت کا سیاحتی اضلاع میں تمام اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے عید الاضحی کے موقع پر سیاحتی اضلاع میں تمام اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے عیدالاضحی پر صفائی ستھرائی اور سیاحوں کی بڑی تعداد کی خیبر پختونخوا آمد کے پیش نظر تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عید الاضحی پر صفائی کرنے والے تمام ادارے موجود رہیں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ قربانی کی آلائشیوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے، گلی محلوں اور گھروں سے قربانی کے باقیات اٹھانے کا بندوبست کیا جائے، اور نمایاں مقامات پر آلائشیں اکٹھی کرنے کے لیے نشاندہی کرکے عوام کو بتایا جائے، تمام الائشوں کو ڈمپنگ سائیڈز پر قواعد و ضوابط کے مطابق تلف کیا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت بڑھنے سے ممکنہ ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، گوشت بسیار خوری سے بچا جائے ۔
وزیراعلیٰ نے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران سیاحتی اضلاع میں انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، تحصیل میونسپل انتظامیہ، طبی مراکز سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کے علاوہ اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں فوری اقدامات کے لیے مقامی انتظامیہ، ریسکیو اداروں، طبی مراکز اور تمام متعلقہ شراکت دار کے درمیان کوآرڈینیشن کا موثر نظام وضع کیا جائے ،تمام اضلاع کے انٹری پوائنٹس پر سیاحوں کے لئے معلوماتی بینرز آویزاں کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کے سیاحتی مقامات کی سڑکوں پر ٹریفک کو منظم انداز میں چلانے اور سڑکوں کی ممکنہ بندش سے بچنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، ریسکیو 1122 کی جانب سے مختلف سیاحتی مقامات پر خصوصی کیمپس قائم کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دریائوں، ڈیموں اور نہانے کے مقامات پر غوطہ خور ٹیمیں آلات سمیت موجود رہیں گی جبکہ ہنگامی طبی امداد کی بروقت فراہمی کے لئے تمام مراکز صحت میں ضروری طبی عملے اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  خیبرپخرونخوا بجٹ منظوری کا عمل شروع، اپوزیشن کے مطالبات نظرانداز