بھارتی وزیر اعظم کے الزامات

پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم کے الزامات کو مسترد کر دیا

ویب ڈیسک: پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات کو مسترد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پہلگام حملے میں پاکستان پر الزامات بے بنیاد ہیں،بھارت کا مقصد عالمی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہٹانا ہے، جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔
جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی دعوے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں ترقی کے دعوے فوجی محاصرے میں دب چکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ بین الاقوامی برادری بھارت کو ظلم سے روکنے میں کردار ادا کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنان پر فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں اور لبنان پر حملے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے عالمی قانون، لبنان کی خودمختاری اور جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اسرائیل کے طاقت کے بے دریغ استعمال سے شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے فضائی حملوں سے علاقائی عدم استحکام کو ہوا مل رہی ہے، اور اسرائیلی حملوں سے دیرپا امن کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  ایران کا میزائل، حملہ آور وخودکش ڈرونز سے حملہ، اسرائیلی شہر ملیامیٹ