ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عیدالاضحی کی نماز ڈی آئی خان میں ادا کی، اس دوران ملک و قوم کی سلامتی، اسیر و شہید کارکنوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں.
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عیدالاضحی کی نماز اپنے آبائی ضلع ڈی آئی خان میں ادا کی، نماز کے بعد انہوں نے ملک کی سلامتی، خوشحالی، قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیراعلیٰ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور تمام بے گناہ اسیر کارکنوں کی باعزت رہائی کے لیے بھی دعا کی، اس موقع پر پی ٹی آئی کے شہید کارکنوں کے درجات کی بلندی، زخمی و زیر علاج کارکنوں کی جلد صحت یابی اور پاک بھارت جنگ کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں۔
علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی ارکانِ اسمبلی کو ہدایت کی کہ عید کے دن شہداء اور زخمی کارکنوں کے اہل خانہ کے گھروں کا دورہ کریں اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں، پی ٹی آئی کے کارکن ہمارا خاندان ہیں، ہمیں عید کے خوشیوں میں انہیں شریک کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اسیر کارکنوں کے گھروں میں اپنی جانب سے عیدی بھیج دی ہے، تمام کارکن بھی ان کے حوصلے بڑھانے کے لیے ضرور جائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان پاکستانی عوام کے بہتر مستقبل کے لیے صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، انہیں توڑنے کے لیے بشریٰ بی بی کو بھی ناکردہ جرم میں قید کیا گیا، عمران خان قانون، آئین اور روشن مستقبل کی جدوجہد جاری رکھیں گے، طاقتور حلقے اپنی انا کو ترک کرتے ہوئے ملک کے مفاد میں عمران خان کو باعزت طور پر رہا کریں کیونکہ عمران خان ہی سیاسی اور معاشی استحکام کی ضمانت ہیں۔
