ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصآف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک کیلئِے عمران خان کی کال کا انتظار ہے، بلکہ ایک طرح سے ہماری احتجاجی تحریک جاری ہے۔
ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی عوام اور حجاج کرام کو دلی عید مبارک پیش کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سمیت تمام قیادت جیلوں میں بند ہے ان سمیت سب کو بانی سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد رنگ لائے گی اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹی قیادت جلد ہمارے درمیان ہوگی، احتجاجی تحریک کیلئِے عمران خان کی کال کا انتظار ہے، جبکہ ہماری تحریک ابھی بھی جاری ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی نے غلط طور پر دائر کیا ہے، میرے خلاف ریفرنس فرمائشی پروگرام ہے، یہ 2018 اور 2024 میں ریٹرننگ افسر اور پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد میں ریجیکٹ ہوا، بغیر ثبوتوں کے ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔
