ویب ڈیسک: عیدالاضحیٰ کے پہلے روز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج کسی بھی جارحیت کو شکست دینے کے لیے تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور سپاہیوں کے ساتھ عید الاضحیٰ منائی، نماز عید کے بعد پاکستان کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی افسران اور جوانوں کو غیر متزلزل وابستگی، پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل چیلنجز کے باوجود ثابت قدم خدمات کو سراہا، اور کہا کہ محاذِ جنگ پر اپنے خاندانوں سے دُور رہ کر عید منانا، ملکی دفاع جیسے اعلیٰ قومی مقصد کی تکمیل ہے، جس کیلئے ہر قیمت پر تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فارمیشن کی مثالی کارکردگی کو سراہا اور شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی قربانیاں قوم کے دفاع اور عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔
سپاہیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے معصوم پاکستانی شہریوں بشمول بچوں، خواتین اور بزرگوں کی جانوں کے ضیاع کا دلیری اور مؤثر ردعمل کے ذریعے بھرپور بدلہ لیا۔ فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج کسی بھی جارحیت کو روکنے اور شکست دینے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی بھارتی قبضے کے خلاف منصفانہ اور دلیرانہ جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع کے حل کی ضرورت پر زور دیا، جو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
