ویب ڈیسک: عید الاضحیٰ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کے عالمی رہنماوں سے رابطے، عید کی مبارک باد دی۔
وزیرِاعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، آذربائیجان کے صدر الہام علییوف اور تاجک صدر امام علی رحمان سے بھی رابطہ کیا، اس دوران ٹیلیفونک گفتگو میں وزیراعظم نے عید مبارک باد دی اور تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو میں وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر کی متحرک سفارت کاری پر ان کا شکریہ ادا کیا، اور پاک قطر رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا عزم دُہرایا۔
عید کے روز وزیراعظم نے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم، مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی، کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی، عالمی رہنماؤں نے امت مسلمہ کی خوشحالی اور امن کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کویت کے متوازن اورامن کے حامی مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا سہولیات بہتربنانے پرکویت کا خصوصی شکریہ کیا۔ عید الاضحیٰ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کے عالمی رہنماوں سے رابطے، عید کی مبارک باد دی۔
دوسری طرف عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم نے اردن کے بادشاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ، اس دوران دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کو عیدمبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے عید الفطر کے موقع پر اردن کے بادشاہ سے ٹیلی فونک گفتگو کا ذکر کیا اور پاکستان کی اردن کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم کا اردن کے بادشاہ سے ٹیلیفونک رابطہ نہ صرف مبارکباد تک محدود رہا بلکہ اس دوران دونوں رہنماؤں نے حالیہ پاک بھارت بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کے نقطہ نظر کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی انتہائی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا۔
