ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہمارا سفارتی مشن کامیاب رہا، بھارت کے پانی کو ہتھیار بنانے کی مخالفت کی گئی، بھارت کی جنگجو سوچ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، اس بات پر سب نے ہمارا ساتھ دیا اور ہماری بات سنی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتی وفد کی اہم رکن سینیٹر شیری رحمان کا لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں امریکا کا دورہ بہت مصروف اور مثبت رہا، 50 سے زائد ملاقاتیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ تین دن واشنگٹن اور دو دن نیویارک میں اہم میٹنگز رہیں، امریکا میں ہمارا موقف سنا گیا، ریسپشن بھی بہت اچھا رہا، سب نے بھارت کے پانی کو ہتھیار بنانے کی مخالفت کی، بھارت کی جنگجو سوچ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان سب سے بڑا تنازع ہے، جس کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکلنا ضروری ہے ، ہم نے صدر ٹرمپ کا سیز فائر میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا، ہم بھارتی وفد کا پیچھا نہیں کر رہے تھے، مقصد صرف حقائق اجاگر کرنا تھا۔
