عیدالاضحیٰ کے دوران مختلف حادثات

عیدالاضحیٰ کے دوران مختلف حادثات، 15 افراد جاں بحق، 48 زخمی

ویب ڈیسک: عیدالاضحیٰ کے دوران مختلف حادثات ملک کے مختلف علاقوں میں پیش آئے جس سے خوشیوں کے لمحات غم میں بدل گئے، ان حادثات میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 48 زخمی ہو گئے۔
عید کے اس پرمسرت موقع پر کئی گھروں میں صف ماتم بچھ گئی، ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک اور دیگر حادثات کے دوران کم از کم 15 افراد جاں بحق جبکہ 48 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں افسوسناک حادثے میں ایک کار کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے، لیہ میں اسی دن بس الٹنے کا حادثہ پیش آیا، اس حادثہ میں دو افراد جان بحق جبکہ 26 افراد زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔
گھوٹکی میں بھی عید کا یہ خوشی کا موقع غم میں تبدیل ہو گیا، ہوا یوں کہ اسی دن ٹرک الٹنے سے تین افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ اس حادثہ میں 8 زخمی بھی ہوئے ہیں، ادھر ڈہرکی بائی پاس پر ایک ٹریلر نے خاتون کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
ننکانہ صاحب میں بھِ حادثہ پیش آیا ہے، اس دوران ایک تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے، جہلم میں دو مختلف حادثات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری طرف خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں تربیلا جھیل میں نہاتے ہوئے چار بچے ڈوب گئے، جنہیں مقامی افراد نے نکالنے کیلئے کوشش کی اور اس دوران دو بچوں کو بچا لیا، جبکہ ایک بچے کی نعش نکال لی گئی اور ایک کی تلاش تاحال جاری ہے۔
یاد رہے کہ عید کے اس دن نوشہرو فیروز میں سانگی مائنر سے ایک بوری بند نعش بھی برآمد ہوئی ہے، جسے تاحال شناخت نہیں کیا جا سکا ہے۔

مزید پڑھیں:  شہزادہ رضا پہلوی نے ایران میں رجیم چینج کی باقاعدہ اپیل کر دی