ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا سفارتی وفد برطانیہ پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان کا سفارتی وفد برطانیہ پہنچ گیا، اپنے دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی سفارتی وفد نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کی اور عالمی رہنماؤں، امریکی کانگریس ارکان سے ملاقاتیں کیں، جہاں پاکستان نے کشمیر کے مسئلے اور خطے میں امن کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستانی وفد کے رکن فیصل سبزواری نے لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ پیش کیا اور بھارت کو ایٹمی ممالک کے درمیان کشیدگی کو مزید بڑھانے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شیری رحمان اور خرم دستگیر خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ مذاکرات ہونے چاہئیں لیکن بھارت بات چیت کے لیے تیار نہیں۔
