ویب ڈیسک: خوشیوں کے ایام عید الاضحی پر بھی صیہونی وحشیانہ بمباری سے غزہ میں قیامت صغریٰ کے مناظر، 24 گھنٹوں کی گولہ باری سے اسرائیل نے مزید 100سے زائد فلسطینی شہید کر دیئے، اس ہولناک بمباری میں 393 فلسطینی زخمی بھی ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
عید کے تیسرے دن علیٰ الصبح 21 فلسطینی شہادتیں ہو چکیں، جبالیا، بیت لاہیا، غزہ سٹی اور خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے، جہاں گھروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، اس دوران غزہ میں قیامت صغریٰ کے مناظر دیکھے گئَے، اس دوران صیہونی بمباری سے مزید 100سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔
خان یونس کے علاقے المَواسی میں ایک ڈرون حملے نے ان خیموں کو نشانہ بنایا جو اسرائیل نے خود "محفوظ زون” قرار دیے تھے، اس حملے میں دو بچیوں سمیت پانچ فلسطینی شہید ہوئے۔ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری رہیں، اس دوران عروہ، جلازون، کفر مالک، بلاطہ اور الخضر جیسے شہروں سے کئی فلسطینی گرفتار کیے گئے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق ایندھن کی شدید قلت کے باعث ہسپتالوں کا اگلے 48 گھنٹوں میں قبرستان بن جانے کا خطرہ ہے، کیونکہ یہاں سینکڑوں خی تعداد میں زخمی علاج معالجہ کی غرض سے پڑے ہیں، اسرائیلی افواج ایندھن کی رسائی روک رہی ہیں جس سے جنریٹرز بند اور طبی سہولیات مفلوج ہو چکے ہیں۔
