ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کامیابی کے ساتھ صوبہ بھر میں عیدالاضحیٰ صفائی مہم مکمل ہوئی، اس پر تمام اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر 24 ہزار 939 ٹن آلائشیں اور کچرا بروقت اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا، ہر ضلع میں اوسطاً 693 ٹن کچرا تلف کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صفائی مہم میں کل 10 ہزار 779 اہلکاروں نے حصہ لیا، تاہم اس دوران مجموعی طور پر 1289 شکایات بھی موصول ہوئیں، جنہیں بروقت اور مؤثر طریقے سے حل کیا گیا، صفائی کی یہ وسیع پیمانے پر مہم انتہائی کم لاگت میں پایۂ تکمیل تک پہنچائی گئی۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ مہم پر مجموعی طور پر 78 اعشاریہ 5 ملین روپے خرچ ہوئے، جس میں ہر ضلع میں اوسطاً 2 اعشاریہ 5 ملین روپے صفائی مہم پر خرچ ہوئے، بعض اضلاع میں یہ خرچہ نہ ہونے کے برابر رہا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عید الاضحیٰ کی صفائی مہم میں شریک تمام اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، خیبر پختونخوا حکومت نے مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے آلائشیں بروقت اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔
مشیر اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صفائی مہم کے دوران تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی، اور ان کی دوراندیشی کام کر گئی، وزیراعلیٰ نے صفائی مہم کی کامیاب تکمیل پر متعلقہ اداروں اور اہلکاروں کو شاباش دی۔ یاد رہے کہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کامیابی کے ساتھ صوبہ بھر میں عیدالاضحیٰ صفائی مہم مکمل ہوئی، اس پر تمام اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
