پاکستان میں قوت خرید برباد ہوچکی

گندم قیمت میں 50فیصد اضافہ، پاکستان میں قوت خرید برباد ہوچکی، عمرایوب

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب نے حکومت کے اقتصادی اعداد وشمار پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے گندم قیمت میں 50فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں قوت خرید برباد ہوچکی، 50 ہزار کمانے والے کو بڑا دھچکہ پہنچا ہے کیونکہ اس کی 50 ہزار کی کمائی آج 22 ہزار ظاہر کر رہی ہے، جس سے ملک میں غربت 44 اعشاریہ 7 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ حکومت کی جانب سے پیش کی گئی اقتصادی سروے رپورٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیلا بجٹ ہے اور پاکستان میں قوت خرید برباد ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ2022 میں جو شخص 50 ہزار روپے کما رہا تھا، آج اس کی قدر تقریباً 22 ہزار روپے رہ گئی ہے، تین برسوں میں گندم کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے یاد دلایا کہ یہ اعداد و شمار میں وزارت شماریات کے اعدادوشمار کے دو برسوں کے ڈیٹا کا موازنہ کر کے دے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت 44 اعشاریہ 7 فیصد تک پہنچ چکی ہے، پلاننگ کا بجٹ 80 فیصد بغیر استعمال ہوئے واپس چلا گیا، اس پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی 80 روپے ہے جو اب 100 روپے تک لے جانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، حالانکہ 2022 میں پیٹرول لیوی 20 روپے فی لیٹر تھی۔ قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر سرکاری اداروں کی نج کاری نہیں ہو سکے گی۔

مزید پڑھیں:  شانگلہ میں پولیس پر فائرنگ، دو اہلکار زخمی