آئندہ مالی سال کا بجٹ آج

آئندہ مالی سال کا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائےگا

ویب ڈیسک: آئندہ مالی سال کا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، نئے بجٹ میں غیرترقیاتی اخراجات 16 ہزار 286 ارب روپے ہوں گے، جبکہ اگلے سال بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جو 6 ہزار 501 ارب روپے بنتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ 26-2025ء آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ پیش کریں گے، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج شام 5 بجے ہوگا،اجلاس کا 4 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیاہے، جس کا پہلا حصہ تلاوت، حدیت، نعت رسول مقبول اور قومی ترانہ ہے۔
قومی ترانے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بعد وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی بجٹ 26-2025ء پیش کریں گے، اجلاس میں وزیر خزانہ محاصل سمیت دیگر دستاویزات قومی اسمبلی میں پیش کریں گے، قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی رہنماؤں کو مشاورتی اجلاس میں آج شام طلب کرلیا ہے۔
مشاورتی اجلاس میں اپوزیشن اراکین اسد قیصر، بیرسٹرگوہر سمیت ن لیگ، پیپلز پارٹی، جے یوآئی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔مالی سال 25-2024 کا اقتصادی سروے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جاری کر دیا، جس کے مطابق رواں مالی سال معیشت کی عبوری شرح نمو 2اعشاریہ 68 فیصد رہی، جبکہ ہدف3اعشاریہ 6 فیصد تھا.
یاد رہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، نئے بجٹ میں غیرترقیاتی اخراجات 16 ہزار 286 ارب روپے ہوں گے، جبکہ اگلے سال بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جو 6 ہزار 501 ارب روپے بنتا ہے،وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد تک جبکہ کم سے کم تنخواہ میں بھی اضافے کی تجویز ہے،نئے بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی کیش خریداری کی حوصلہ شکنی کیلئے اقدامات کئے جاسکتے ہیں جبکہ ہر قسم کی کیش خریداری پر بھی اضافی ٹیکس کی تجویز ہے.

مزید پڑھیں:  پختونخوا حکومت عمران خان سے مشاورت بغیر بجٹ منظور نہیں کریگی، علیمہ خان