ویب ڈیسک: وفاقی بجٹ 26-2025 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ متوقع ہے، اس حوالے سے سرکاری ملازمین میں خوشی بھی پائی جاتی ہے۔
وفاقی بجٹ کے تناظر میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ آج وفاقی کابینہ کرے گی، ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے چار مختلف تجاویز زیر غور ہیں، تاہم تاحال کسی تجویز کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔
پیش کردہ تجاویز کے تحت گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیئرٹی الاؤنس دینے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ دوسری تجویز کے مطابق مہنگائی کے تناسب سے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
ایک اور تجویز کے مطابق گزشتہ دو ایڈہاک ریلیف الاؤنسز میں سے ایک کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کے لیے تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کی الگ تجویز بھی تیار کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ان تجاویز پر مشاورت کے بعد ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا ہے، جو آج کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے خواہاں ہیں، جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے بھی ملازمین کو رعایت دینے کے لیے مثبت مشورے دیے گئے ہیں۔ یاد رہے وفاقی بجٹ 26-2025 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ متوقع ہے، اس حوالے سے سرکاری ملازمین میں خوشی بھی پائی جاتی ہے۔
